پاکستان نے حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقات علی خان نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

شفقات علی خان نے کہا:
"اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ ایسے اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع میں ردِعمل کا بنیادی حق حاصل ہے۔”
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو اس کی جارحانہ کارروائیوں پر جوابدہ ٹھہرائے، کیونکہ یہ اقدامات خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
پاکستان نے ایرانی عوام سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ترجمان نے مزید کہا: "اسرائیل کے یہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات پورے خطے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔”
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایک علیحدہ بیان میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ "وحشیانہ حملہ بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیتا ہے” اور اس پر فوری عالمی توجہ درکار ہے۔
